لوک سبھا نے اپنے سات سابق اراکین اور پٹنہ کشتی حادثہ، ایٹہ اسکول بس
حادثہ،ہیراکھنڈ ایکسپریس حادثہ اور جموں کشمیر کے گریز میں برفانی تودوں
میں 16 فوجیوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کے مارے جانے پر آج گہر ے رنج و غم
کا اظہار کیا۔لوک سبھا کے بجٹ سیشن کے پہلے دن کی کارروائی شروع ہوتے ہی لوک سبھا اسپیکر
سمترا مہاجن نے آنجہانی سابق رکن مسٹر ججھار سنگھ (آٹھویں لوک سبھا)، مسٹر
پی وشمبھرن (چوتھی لوک سبھا)، محترمہ کشوری سنہا (ساتویں، آٹھویں لوک
سبھا)، مسٹر سندرلال پٹوا (11 ویں اور 13 ویں لوک سبھا)، مسٹر بالاصاحب
وکھے پاٹل (پانچویں سے نویں اور 12 ویں سے 14 ویں لوک سبھا)، مسٹر منکو رام
سوڈھی (آٹھویں سے دسویں لوک سبھا) اور مسٹر سرجیت سنگھ برنالا کے انتقال
کی اطلاع دی۔ محترمہ مہاجن نے 21 جنوری کو آندھرا پردیش میں ہیراکھنڈ ایکسپریس کے حادثے
میں 41 افراد کی موت اور 65 دیگر کے زخمی ہونے، 14 جنوری کو پٹنہ میں کشتی
کے الٹ جانے سے 42 لوگوں کے مارے جانے اور کئی لوگوں کے زخمی ہونے، 19
جنوری کو اتر پردیش کے ایٹہ میں ایک اسکول بس اور ایک ٹرک کی ٹکر ہو جانے
سے 18 بچوں سمیت 30 افراد کی موت اور 25 جنوری کو جموں کشمیر کے گریز اور
سونمرگ کے بالائی علاقے میں چار برفانی تودوں میں 16 فوجیوں سمیت 20 افراد
کے مارے جانے پر بھی رنج و غم کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی
خواہش کا ا ظہار کیا ۔